جے آئی ٹی تفتیش کا ادارہ ہے یا قصائی کی دکان: طلال چودھری

جے آئی ٹی تفتیش کا ادارہ ہے یا قصائی کی دکان: طلال چودھری

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رہنما میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر مخالفین پر برس پڑے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سرابرہ عمران خان اشتہاری ہیں اور چھپے ہوئے ہیں۔ اب وہ ضمانت کروائیں کیونکہ سپریم کورٹ سے بھی بھاگے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کے وکیل نے فارن فنڈنگ تسلیم کر لی ہے۔

طلال چودھری نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا مقدمہ ایک اشتہاری کی طرف سے قائم کیا گیا جبکہ عمران خان کو کوئی پوچھنے والا اور ہتھکڑی لگانے والا بھی نہیں ہے۔ وزیراعظم کے خلاف تحقیقات اشتہاری کے کہنے پر ہو رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں کو دوبارہ طلب کر لیا

طلال چودھری نے بتایا کہ پہلے کہا گیا کہ جے آئی ٹی کے سامنے حسین، حسن نواز پیش نہیں ہوں گے جب پیش ہو گئے تو کہا گیا تعاون نہیں کر رہے اور تعاون بھی شروع ہو گیا تو کہا گیا حوصلہ نہیں پھر ایمبولینس بھی آ گئی۔

انہوں نے جے آئی ٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہم پہلے سے کہتے تھے جے آئی ٹی جانبدار ہے کیونکہ جے آئی ٹی تفتیش کا ادارہ ہے یا قصائی کی دکان جو ایک تصویر نہ سنبھال سکے وہ انصاف کیا کریں گے۔ کہتے ہیں یہ کیس قانونی نہیں سیاسی ہے اور ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ جےآئی ٹی کی ابتک کی کارکردگی ایک تصویر ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: تصویر لیک کے معاملے پر کمیشن بنایا جائے، حسین نواز کا مطالبہ

یاد رہے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف دونوں حسین نواز کی پاناما پیپر کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیشی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر لیک ہونے کے معاملے پر ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں کا موقف ہے کہ یہ تصویر سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر لیک کی گئی۔

مذکورہ تصویر جو کسی سی سی ٹی وی فوٹیج سے لیا گیا اسکرین شاٹ معلوم ہوتی ہے پر 28 مئی کی تاریخ درج ہے۔ یہ وہی دن ہے جب حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پہلی مرتبہ پیش ہوئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں