قطر بحران کے پیچھے روسی ہیکرز کا ہاتھ ہو سکتا ہے، امریکا

قطر بحران کے پیچھے روسی ہیکرز کا ہاتھ ہو سکتا ہے، امریکا

نیو یارک: امریکی تفتیش کاروں نے شبہ ظاہر کیا کہ روسی ہیکرز نے قطری نیوز ایجنسی کو ہیک کیا اور ایک جعلی نیوز رپورٹ جاری کی جس نے امریکہ کے سب سے قریبی خلیجی اتحادی ملک کے ساتھ بحران میں اہم کردار ادا کیا۔ قطری اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کو دوحہ روانہ کیا گیا ہے تاکہ وہ قطری حکومت کے ساتھ مل کر مبینہ ہیکنگ کی تحقیقات کر سکیں۔ امریکی انٹیلی جنس کی اکٹھی کردہ معلومات کے مطابق اس تمام تر ہیکنگ کے پیچھے روس کا ہاتھ تھا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی روسی ہیکرز امریکہ کے اتحادیوں کے ساتھ اس طرح کی سائبر ہیکنگ کی کوشش کر چکے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق روسی ہیکرز کے اس اقدام کا مقصد امریکہ کے اس کے اتحادی ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنا ہے۔

حالیہ مہینوں میں بھی ایسی کئی کوششیں کی گئیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ امریکہ نے ان ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے یا نہیں۔ اس معاملے پر ایف بی آئی اور سی آئی اے نے موقف دینے سے انکار کر دیا۔

واشنگٹن میں قطری سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہیں اور نتائج جلد ہی عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔ قطری حکومت کا کہنا ہے کہ قطر نیوز ایجنسی کی 23 مئی کی نیوز رپورٹ حکمرانوں کے خلاف اور اسرائیل اور ایران کے حق میں تھی۔ قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی نے ہیکنگ اور جعلی رپورٹ جاری کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں