قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، وزیراعظم صدارت کریں گے

قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، وزیراعظم صدارت کریں گے
سورس: file

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور شرح نمو کے ہدف کی منظوری کیلئے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج طلب کیا ہے ۔ قومی اقتصادی کونسل اجلاس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی سمیت کونسل کے ارکان اور دیگر متعلقہ اعلی حکام شرکت کریں گے۔ 

نیو نیوز کے مطابق یکم جولائی سے شروع ہونے آئندہ مالی سال 2021-22  کے لئے شرح نمو کا ہدف 44..88  فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے جبکہ رواں مالی سال شرح نمو کا تخمینہ 2.1 فیصد کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 3.94 فیصد لگایا گیا ہے آئندہ مالی سال کیلئے زرعی شعبے کا ہدف 3.4 فیصد ، مینوفیکچرنگ 6.2 فیصد اور خدمات شعبے کا ہدف 4.7 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

 نئے مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم رواں مالی سال کے مختص 650 ارب روپے کے مقابلے میں اڑھائی سو ارب روپے کے اضافے کے ساتھ 900 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کے تحت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کیلئے509  ارب23 کروڑ90 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

 توانائی کے منصوبوں کیلئے103 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے۔ آبی منصوبوں کیلئے99 ارب 40 کروڑ روپے۔ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کے لئے265  ارب34 کروڑ50  لاکھ روپے اور فیزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ کیلئے40  ارب93 کروڑ90  لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

 اسی طرح آئندہ مالی سال سماجی اور علاقائی مساوات پروگرام کیلئے302 ارب 71 کروڑ روپے اور سماجی شعبے کیلئے169 ارب71 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔

 صحت کے منصبوں کیلئے 28 ارب روپے۔ تعلیم و تربیت کے منصوبوں کیلئے5 ارب12 کروڑ80 لاکھ روپے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے37 ارب روپے۔ ماحولیات کے منصبوں کیلئے15 ارب26 کروڑ10 لاکھ روپے۔ افرادی قوت اور روزگار کے منصوبوں کیلئے5  ارب13 کروڑ90 لاکھ روپے۔ ایس ڈی جیز کیلئے74 ارب روپے۔ ضم شدہ اضلاع کیلئے54 ارب روپے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے خصوصی علاقوں کیلئے45  ارب روپے جب کہ شمال و جنوبی بلوچستان پیکجز۔ سندھ ڈویلپمنٹ پلان اور گلگت بلتستان پلان کیلئے34  ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

 آئندہ مالی سال وفاقی ترقیاتی بجٹ کے تحت گورننس کے منصوبوں کیلئے 5 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ روپے۔ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کیلئے29 ارب 39 کروڑ 60 لاکھ روپے۔ صنعتوں3 ارب 47 کروڑ 30 لاکھ اور خوراک و ذراعت کے منصوبوں کیلئے 12 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔