نیپرا نے بجلی قیمت میں 44 پیسے فی یونٹ کمی کردی

نیپرا نے بجلی قیمت میں 44 پیسے فی یونٹ کمی کردی
سورس: file

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)  نے اپریل کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں  44 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی جس کا اطلاق صرف جون کے بلز پر ہوگا۔

نیو نیوز کے مطابق سی پی پی اے جی نے84 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی  جس پر نیپرا نے 44 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی۔

اتھارٹی نے اگست و اکتوبر 2020 کے مہینوں کے ایف سی اے کی مد میں عارضی طور پر 7.5 ارب روپے کی کٹوتی کی تھی، این پی سی سی کی جانب سے جمع کروائے گئے اعدادوشمار کی بنیاد پر اتھارٹی نےکٹوتی کی گئی رقم سے 4.4 بلین روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس کمی کا اطلاق 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے ، لائف لائن اور زرعی صارفین کے سوا ڈسکوز کے تمام صارفین پر ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ صنعتی صارفین جو انڈسٹریل سپورٹ پیکج کا فائدہ لے رہے ہیں ان کو منفی ایف سی اے کا فائدہ اضافی کم قیمت والے یونٹ پر نہیں ملے گا البتہ بیس ٹیرف کی حد تک منفی ایف سی اے کا فائدہ ضرور ملے گا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔