پی ایس ایل میں شرکت کیلئے مزید چار کھلاڑیوں کو ویزے جاری ہو گئے

پی ایس ایل میں شرکت کیلئے مزید چار کھلاڑیوں کو ویزے جاری ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کیلئے مزید چار کھلاڑیوں کو ویزے جاری کر دئیے گئے ہیں جو جلد ہی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہو جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویزے جاری کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمر امین، حماد اعظم، خالد عثمان اور آصف آفریدی کو ویزے مل گئے اور ان چاروں کھلاڑیوں کو پہلی دستیاب فلائٹ سے ابوظہبی پہنچانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ صرف ایک کرکٹر عمران رندھاوا کا ویزا تاحال جاری نہیں ہوا لہٰذا جیسے ہی ویزہ جاری ہو گا، عمران رندھاوا کی بھی ابوظہبی روانگی کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔ 
واضح رہے کہ 9 جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کا آغاز ہوگا جبکہ فائنل میچ 24 جون کو کھیلا جائے گا۔ 
کوالیفائر اور ایک ایلیمنیٹر سمیت 6 ڈبل ہیڈرز (ایک دن میں دو میچ) کھیلے جائیں گے اور میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوں گے جبکہ ڈبل ہیڈرز والے روز پہلا میچ شام6 بجے، دوسرا رات 11 بجے شروع ہوگا۔