انتخابات صاف شفاف اور قابل اعتبار بنانا وزیراعظم کا خواب ہے: شبلی فراز

انتخابات صاف شفاف اور قابل اعتبار بنانا وزیراعظم کا خواب ہے: شبلی فراز
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات صاف شفاف اور قابل اعتبار بنانا وزیراعظم پاکستان عمران خان کا خواب ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ایسا الیکشن کرنا چاہیے جس پر سارے پاکستان کو اعتبار ہو جبکہ آر ٹی ایس ماضی کے قصے ہیں، ہم مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم مشین کی قیمت سے متعلق کوئی اعداد و شمار دینا مناسب نہیں ہو گا جبکہ رواں ہفتے الیکشن کمیشن کے سامنے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔ 
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن 2023ءمیں نئے میکینزم کے تحت ہو گا، الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے کام مکمل ہے اور ای سی پی نے حکومتی اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ہمارا وعدہ ہے، آئی ووٹنگ پر آزاد مشیر کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ملی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے، ہم چاہتے ہیں اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ بل پر ہمارے ساتھ بیٹھے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیلئے تمام ٹیکنالوجی اور عمل مکمل کر لیا ہے، انتخابی اصلاحات کے عمل کیلئے اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انتخابی اصلاحات بل کے ذریعے 49 ترامیم پیش کی ہیں۔