سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 707 مریض سامنے آ گئے، 8 افراد جان کی بازی ہار گئے

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 707 مریض سامنے آ گئے، 8 افراد جان کی بازی ہار گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 707 مریض سامنے آئے ہیں اور مہلک وباءنے آج مزید 8 افراد کی جان لے لی ہے جبکہ 668 افراد صحت یاب ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موذی وباءکو شکست دینے کیلئے عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 مریض انتقال کرگئے جبکہ 707 نئے مریض رپورٹ ہونے کے علاوہ 668 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 15115 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 707 نئے مریض سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 4.7 فیصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 5144 ہوگئی ہے جو کہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے، اب تک 42 لاکھ 9 ہزار 547 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے اور 3 لاکھ 24 ہزار 518 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 668 مریض صحت یاب ہو ئے ہیں جس کے بعد صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 504 ہو چکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 91 فیصد ہے، اس وقت 23 ہزار 870 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 22 ہزار 980 گھروں پر، 25 آئیسولیشن سینٹرز میں اور 865 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں 815 مریضوں کی حالت تشویشناک جن میں سے 80 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، آج رپورٹ ہونے والے 707 نئے مریضوں میں سے 375 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 139، ضلع وسطی 115، کورنگی 52، ضلع جنوبی 34، ملیر 29 اور ضلع غربی سے 6 مریض شامل ہیں۔ 
دیگر اضلاع حیدر آباد 31، شہید بےنظیر آباد 25، بدین 22، شکارپور 21، قمبر 18، سانگھڑ 17، لاڑکانہ، سکھر، ٹھٹھہ اور سجاول 15,15، دادو اور ٹنڈو الہ یار میں 14,14 مریض سامنے آئے۔ اسی طرح کشمور 13، نوشہرو فیروز 12، گھوٹکی اور عمرکوٹ 9,9، جیکب آباد، مٹیاری، تھرپارکر اور جامشورو 8,8، خیرپور اور میرپورخاص سے 4,4نئے مریض سامنے آئے۔