بنگلہ دیش کی سری لنکا کو 20 کروڑ ڈالر قرض کی پیشکش

بنگلہ دیش کی سری لنکا کو 20 کروڑ ڈالر قرض کی پیشکش
کیپشن: بنگلہ دیش کی سری لنکا کو 20 کروڑ ڈالر قرض کی پیشکش
سورس: فائل فوٹو

ڈھاکا: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے 20 کروڑ ڈالر قرض دینے کی پیشکش کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ اب ہم اپنا تشخص تبدیل کریں گے، ہم مدد لینے والے نہیں بلکہ مدد کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کبھی معاشی طور تباہ حال بنگلہ دیش مضبوط اقتصادی پالیسیوں کے باعث ایشیا کی مضبوط معاشی طاقت بنتا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کی ترقی کی شرح پچھلے دس سال میں سات فیصد رہی ہے۔

گزشتہ سال 2020 میں کورونا وبا کے باوجود بنگلہ دیش کی جی ڈی پی 5.2 فیصد رہی جو کہ ایشیا میں جی ڈی پی کی بلند ترین شرح ہے۔ 

بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 45 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جو اگلے چھ مہینے کی برآمدات کے لیے کافی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش بینک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ گذشتہ مالی سال کے دوران بنگلہ دیش کو 21 ارب ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں۔ ملک کی برآمدات میں تقریبا 40 ارب ڈالر سالانہ کا اضافہ ہوا ہے۔