رواں سال اکتوبر تک ملک میں عام انتخابات کروا سکتے ہیں: الیکشن کمیشن

رواں سال اکتوبر تک ملک میں عام انتخابات کروا سکتے ہیں: الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ اکتوبر تک ملک میں انتخابات کا انعقاد کرا سکتے ہیں مگر نئی حلقہ بندیاں ہونے کی صورت میں اگست 2023ءسے پہلے الیکشن ممکن نہیں ہو سکیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا کہ ابھی اکتوبر تک انتخابات کروا سکتے ہیں مگر نئی مردم شماری ہونے کی صورت میں نئی حلقہ بندیاں بھی ضروری ہوں گی اور پھر انتخابات 2023ءمیں ہی ممکن ہو سکیں گے۔ 
ای سی پی کے مطابق نظر ثانی کے بعد حتمی انتخابی فہرستیں 12 اگست کو شائع کی جائیں گی اور شہری 4 جولائی تک ووٹ کی درستگی کرا سکتے ہیں، اس وقت جاری حلقہ بندیوں کا کام بھی اگست میں مکمل ہو گا۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا کہ ای سی پی آزاد اور خود مختار آئینی ادارہ ہے جبکہ آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کیلئے درست و قابل اعتبار انتخابی فہرستیں ضروری ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے غیر حتمی انتخابی فہرستیں ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں کر دی ہیں،انتخابی فہرستوں کی غیر حتمی فہرست میں 12 کروڑ 4 لاکھ 82 ہزار 302 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن مردم شماری کی حتمی رپورٹ پر حلقہ بندیاں کر رہا ہے جو اگست میں مکمل ہوں گی اور اس کے بعد الیکشن کمیشن اکتوبر میں عام انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہو گا۔ 

مصنف کے بارے میں