سراج الحق کا آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے پارلیمینٹ میں لانے کا مطالبہ

سراج الحق کا آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے پارلیمینٹ میں لانے کا مطالبہ

لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے والے معاہدے پارلیمینٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت کشکول مشن پر ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ دنیا نے مریخ کی طرف سفر شروع کیا ہے اور مختلف ممالک اپنے خلائی مشن بھیج رہے ہیں مگر ہماری حکومت کشکول مشن پر ہے اور کامیابی کا معیار یہ ہے کہ کون بڑا کشکول بھر کر لاتا ہے، جو جتنا قرض لیتا ہے اسے اتنا ہی قابل سمجھا جاتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میثاق معیشت کی ضرورت ہے اور کشکول مشن ختم کر کے خودکفالت کو ہدف بنانا ہے۔ جماعت اسلامی گزشتہ ایک مہینے سے گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کر رہی ہے کیونکہ اگر تمام سیاسی جماعتیں ایک جگہ نہ بیٹھیں تو مزید نقصان ہو گا۔ 
سراج الحق نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پارلیمینٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی معیشت کب تک غیر ملکی قرضوں کے سہارے چلے گی، قوم عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے نجات چاہتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ حکمران قرضے لیں اور ان کا حساب بھی نہ دیں جب کہ تمام بوجھ غریبوں پر ڈال دیا جائے، مہنگائی، بے روزگاری نے 22 کروڑ عوام کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں