پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب کتنا اضافہ کیا جا رہا ہے ؟وزیر خزانہ نے خبر دیدی 

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب کتنا اضافہ کیا جا رہا ہے ؟وزیر خزانہ نے خبر دیدی 

اسلام آباد:وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل جو اس سے قبل 60 روپے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی خبریں دے چکے ہیں آج انہوں نے ایک دفعہ پھر ہنستے مسکراتے پٹرول مزید   مہنگا ہونے کی نوید سنا دی ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں بزنس کانفرنس کے دوران توانائی اور پٹرول کے معاملے پر خطاب کے دوران کہا کہ پٹرول ابھی مزید مہنگا ہوگا ،مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پٹرولیم سیکٹرمیں81 ارب روپے سبسڈی دی گئی، 3 گنا زیادہ خرچہ اس پٹرول سبسڈی کی وجہ سے ہورہا تھا، کسی بھی وزیراعظم کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر30 روپے بڑھانا آسان نہیں ہوتا لیکن اگر پٹرول کی قیمتیں برقراررکھتے تو ہر ماہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوتا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ابھی مزید تھوڑا تھوڑا اضافہ ہوگا ،جس کے بعد واضح امکان ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب 15 سے 20 روپے اضافہ کر دیا جائیگا ۔

مفتاح اسماعیل کے اس اعلان کے بعد ایک بار پھر لاہور سمیت دیگر شہروں میں پٹرول لینے والوں کا رش پٹرول پمپس کے باہر دیکھنے کو مل رہا ہے لیکن اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے باضابطہ طور پر ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا فوری کوئی اضافہ کیا جا رہاہے ۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک تقریب میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اشارہ دینے کی دیر تھی کہ شہر قائد میں افواہ پھیلنے لگی پٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر ایک بار پھر اضافہ کیا جارہا ہے،اس خبر کے پھیلتے ہی پہلے سے مہنگائی کے ستائے شہریوں نے اپنی گاڑیوں میں پٹرول بھروانے کیلیے پٹرول پمپس کی طرف رخ کیا جس کے باعث پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔