خدیجہ شاہ کیس کو فالو کر رہےہیں، خدیجہ شاہ کو کونسلر تک رسائی دی جائے، امریکہ

خدیجہ شاہ کیس کو فالو کر رہےہیں، خدیجہ شاہ کو کونسلر تک رسائی دی جائے، امریکہ
سورس: File

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ ہم خدیجہ شاہ کیس کو فالو کر رہے ہیں کیونکہ ان کی دوہری شہریت ہے۔ پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو کونسلر رسائی دی جائے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رجیم چینج کا بیانہ جھوٹا ہے، پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ایسے تمام الزامات غلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست پاکستانی عوام کا مسئلہ ہے وہ جو بھی کریں آئین کے مطابق کریں۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کی قدر کرتا ہے، خوشحال اور مستحکم پاکستان امریکہ کے مفاد میں بہتر ہے۔

 ترجمان محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ ہم خدیجہ شاہ کیس کو فالو کر رہے ہیں کیونکہ وہ دوہری شہریت کی حامل ہیں، اس متعلق ہم پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو کونسلر تک رسائی دی جائے۔

ویدانت پٹیل نے کہا کہ کوئی امریکی شہری گرفتار ہوتا ہے تو ہم ان کی ممکنہ مدد کے لیے تیار رہتے ہیں غیر ملکی حکومتوں سے کہتے آئے ہیں کہ گرفتار امریکی شہریوں کیلئے طریقہ کار کو سامنے رکھیں۔ 

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ منصفانہ سماعت کی گارنٹی ہوگی۔ 

واضح رہے 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے، جن کے دوران آرمی تنصیبات پر حملوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی ونجی املاک کو بھی جلایا گیا۔ بعد ازاں حکومت کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں پی ٹی آئی رہنما اور بڑی تعداد میں کارکنان شامل تھے۔ 

لاہور میں جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث افراد میں سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی اور سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی خدیجہ شاہ بھی شامل ہیں، جن کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔

مصنف کے بارے میں