عوام کیلئے خوشخبری، کریم بائیک سروس 24 گھنٹے کے لیے مفت کردی گئی

عوام کیلئے خوشخبری، کریم بائیک سروس 24 گھنٹے کے لیے مفت کردی گئی
سورس: File

دبئی: عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے دبئی کو بائیک دوست شہر میں تبدیل کرنے کے لیے نجی و سرکاری شراکت داری سے کریم کی  بائیک سروس 10 جون کوصارفین کے لیے مفت دستیاب ہو گی۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ماحولیات کا عالمی دن 5 جون کو منایا گیا لیکن نجی و سرکاری شراکت داری سے اس موقع کو دبئی میں 10 جون کو منایا جائے گا۔

 دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے کریم کے ساتھ اشتراک کر کے شہر بھر کے 186 ڈاکنگ اسٹیشنوں پر صارفین کے لیے کریم بائیک سروس کی سواری کی مفت پیشکش کا اعلان کیا بشرطیکہ سنگل ٹرپ پینتالیس منٹ سے زیادہ نہ ہو۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کائناتی توانائی پر مبنی بائیک کی سواری 5 جون کو منائے جانے والے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر 10 جون 2023 کو بروز ہفتہ 24 گھنٹے کے لیے صارفین کو مفت دستیاب ہوگی۔

آر ٹی اے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام دبئی کو بائیک دوست شہر میں تبدیل کرنے کی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کیا جارہا ہے اور یہ نجی، سرکاری شراکت داری ( پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) کا بہترین نمونہ ہے۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ یہ آر ٹی اے کی حکمت عملی اور اہداف کے عین مطابق ہے۔اس کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے کمیونٹی اقدامات متعارف کرانا اور اس ضمن میں پائیداری کے فریم ورک کے تحت قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔

کریم کی جانب سے صارفین کو مفت بائیک سروس استعمال کرنے کے طریقے کے بارے میں بتایا گیا کہ صارفین اس دن کریم کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بائیک تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اور 'مفت' کوڈ کا استعمال کرتے ہوئے ’ایک دن کے پاس‘ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

کریم کی جانب سے صارفین کو یقین دہانی کرائی گئی  کہ ہفتہ کو بائیک سواری کے لیے ان سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

کریم نے مزید کہا کہ ایک مرتبہ ڈاکنگ اسٹیشن پر پہنچنے کے بعد کیو آر کوڈ اسکین کرنے سے بائیک کا تالا کھل جائے گا۔ واپسی پر صارفین 186 اسٹیشنوں میں سے کسی ایک پر بھی رک سکتے اور وہاں بائیک کھڑا کر سکتے ہیں۔ ڈاک اسٹیشن بڑے سیاحتی اور کاروباری مراکز بشمول سٹی واک ، بزنس بے ، دبئی میڈیا سٹی ، کراما ، المنخول اور کائٹ بیچ میں موجود ہیں۔

واضح رہے کریم نے فروری 2020 میں دبئی میں بائیک سروس کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد سے کریم بائیک نے مبیّنہ طور پر 2.5 ٹن سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کیا۔ یہ مقدار سال بھر میں کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے والی 713 کاروں کے فضلے کے برابر ہے۔

کریم کی سپر ایپ میں ٹیکسی اور دیگرسفری خدمات بھی شامل ہیں۔ وہ اپنے بائیک صارفین کے لیے سبسکرپشن ماڈل یا قلیل مدتی پاس پیش کرتی ہے۔

مصنف کے بارے میں