شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت میں جاری

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت میں جاری

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف نیب کے 2 ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز   اور  داماد کیپٹن (ر) صفدر  احتساب عدالت پہنچے جس کے بعد سماعت شروع ہوئی تو ان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کی طبیعت خراب ہے اس لئے انہیں جانے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے جب کہ گزشتہ سماعت پر 3 گواہوں کے بیانات قلمبند نہیں کیے جا سکے تھے۔

گزشتہ سماعت پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا اینڈ قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جرح کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بیگم کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر نکل آیا، مزید سرجری کا فیصلہ

واضح رہے سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز پاکستان مسلم لیگ( ن)کا مستقبل ہیں، خواجہ آصف

نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اب تک احتساب عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت انہیں مفرور قرار دے کر ان کا کیس الگ کر چکی ہے۔

نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں تین ضمنی ریفرنسز بھی دائر کیے گئے ہیں جن میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیا گیا ہے جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ضمنی ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نامزد ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں