سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی تو ن لیگ ، پی ٹی آئی کے امیر امیدوار نہ ہارتے: بلاول بھٹو

سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی تو ن لیگ ، پی ٹی آئی کے امیر امیدوار نہ ہارتے: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنی پارٹی کو کراچی سے کامیاب کر کے دکھائیں گے، عمران خان کو چیلنج دیتا ہوں کہ کراچی آکر الیکشن لڑیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کراچی سے کامیاب کر کے دکھائیں گے جب کہ عمران خان کو چیلنج دیتا ہوں کہ کراچی آکر الیکشن لڑیں۔ ہم ایک اور بانی متحدہ نہیں چاہتے، ہم عوام کے مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے ہم سب حساب لیں گے اور 2018 کے انتخابات میں ہم ماضی کا تمام حساب برابر کر دیں گے۔ ہمارے کارکن دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ عبداللہ مراد بلوچ آمریت کے دنوں میں شہید کئے گئے تھے، ضیاء الحق کے دور میں بھی ہمارے کارکنان شہید کئے گئے تھے۔

سینیٹ کے الیکشن پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میرٹ پر ہوئے۔ (ن) لیگ کے نامزد کردہ سینیٹ امیدوار امیر تھے جب کہ پیپلز پارٹی نے غریب اور نظریاتی کارکنوں کو نامزد کیا تھا۔ اگر ہارس ٹریڈنگ ہوئی تو مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے امیر امیدوار کیوں ہار گئے۔