62 سالہ خاتون نے ساری جائیداد سنجے دت کے نام کر دی

62 سالہ خاتون نے ساری جائیداد سنجے دت کے نام کر دی

ممبئی: بالی ووڈ سپر سٹار سنجے دت کی ایک 62 سالہ مداح خاتون نشی ہرش چندرا نے مرنے سے پہلے اپنی تمام جائیداد اپنے پسندیدہ اداکار کے نام کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 62 سالہ نشی ہرش چندرا نے ممبئی کے علاقے والکیشور کے "بینک آف برودا" میں اپنے لاکرز میں موجود تمام دولت 58 سالہ اداکار سنجے دت کے نام کردی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سنجے دت کو بھی اس بات کا علم نشی ہرش چندرا کی وفات کے 2 ہفتے بعد ہوا، جب انہیں ممبئی کے ایک بینک کی جانب سے اپنی ملکیت کو حاصل کرنے کے لیے قانونی لوازمات پورے کرنے کے لیے فون کیا گیا۔ سنجے دت یہ سن کر بہت افسردہ ہوئے کہ کوئی مداح انہیں اتنا چاہتا تھا کہ انہیں بتائے بغیرساری دولت ان کے نام کر گیا۔ تاہم سنجے دت نے خاتون کی جانب سے چھوڑی گئی دولت لینے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار نے خاتون کیجانب سے چھوڑی گئی دولت ان کے ورثاء کو واپس کرنے کے لیے وکلاء کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ خاتون نے سنجے دت کے نام کتنی جائیداد چھوڑی، تاہم اطلاعات ہیں کہ جس گھر میں خاتون رہائش پذیر تھیں اس کی مالیت 10 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔