میاں منشا کو نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم

میاں منشا کو نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم
کیپشن: میاں منشا کو گرفتاری کا ڈر ہے تو عبوری ضمانت کرا لیں، وکیل نیب۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں صنعت کار میاں منشا کو نیب نوٹس طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نیب نے کہا کہ اگر میاں منشا کو گرفتاری کا ڈر ہے تو عبوری ضمانت کرا لیں۔

لاہور ہائی کورٹ میں صنعت کار میاں منشا کو نیب نوٹس طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں سماعت کے دوران وکیل میاں منشا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ کا معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

لاہور ہائی کورٹ کے معزز جج نے استفسار کیا کہ بتایا جائے نیب کے کس سیکشن کے تحت یہ جرم بنتا ہے جس پر وکیل نیب نے جواب دیا کہ ابھی تو کیس انکوائری کی سطح پر ہے۔

وکیل نیب نے کہا کہ اگر میاں منشا کو گرفتاری کا ڈر ہے تو عبوری ضمانت کرا لیں جو معلومات مانگی جا رہی ہیں وہ تمام فراہم کر دیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے میاں منشا کی طلبی کے نوٹس فوری معطل کرنے کی استدعا سے عدم اتفاق کرتے ہوئے نیب کو 25 مارچ کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے معروف صنعت کار میاں منشا کو نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم بھی دے دیا۔

خیال رہے کہ 28 فروری کو معروف صنعت کار میاں منشا اور ان کے دو صاحبزادے طلبی کے باجود نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔