کسی بھی مہم جوئی اورجارحیت کیخلاف مادروطن کا بھرپور دفاع کیا جائیگا، کورکمانڈرز کانفرنس

کسی بھی مہم جوئی اورجارحیت کیخلاف مادروطن کا بھرپور دفاع کیا جائیگا، کورکمانڈرز کانفرنس
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

 اسلام آباد: کورکمانڈرز کانفرنس نے مادر وطن کے دفاع کے لیے مضبوط ارادے اورعزم کا اظہار کیا ہے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاک بھارت جاری کشیدگی سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا گیا، پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم پر کانفرنس نے تشویش کا اظہار کیا۔ اور کہا گیا کہ علاقائی امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکنا ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی مہم جوئی اورجارحیت کیخلاف مادروطن کا بھرپور دفاع کیاجائیگا۔

کور کمانڈرزکانفرنس میں کہا گیا کہ بھارت کا ایل او سی پرشہری آبادی کوجان بوجھ کر نشانہ بنانا صرف آگ  بھڑکا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں،علاقائی امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے رکنا ضروری ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کی مثبت راہ پر گامزن ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار اور چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ہمیں خطرے یا قوت کے ذریعے نہیں جھکا سکتا۔