پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی،انگلینڈ نے بھی خوشخبری سنادی

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی،انگلینڈ نے بھی خوشخبری سنادی

مانچسٹر :پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے بعد کھیل کے میدان آباد ہونے لگے ہیں، پی ایس ایل کی گہما گہمی کے دوران برطانیہ کی جانب سے انگلینڈ ٹیم کے پاکستان آنے کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 

 مانچسٹرمیں دیئے گئے ایک عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کریسٹین ٹرنرنے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا اس سال برطانیہ کے پندرہ کھلاڑی پاکستان سپر لیگ میں حصہ لے رہے ہیں امید ہے کہ جلد ہی انگلش کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوستوں سمیت تحریک انصاف کے اہم رہنما، ارکان برطانوی پارلیمنٹ اور برطانوی نژاد پاکستانی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔؎

ڈاکٹر کریسٹین ٹرنر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تعیناتی کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو دگنا دیکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان تجارت اور سیاحت کے لئے بہترین ملک ہے اورہ خصوصی طور پر پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتوں کے لئے مانچسٹر آئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کافی بہتر ہوئے ہیں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت متعدد معاہدے ہوچکے ہیں۔پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی تبدیل کر دی ہے۔