لاہور کے بعد کراچی والو ں کیلئے عمران خان نے اچھی خبر سنا دی

لاہور کے بعد کراچی والو ں کیلئے عمران خان نے اچھی خبر سنا دی

لاہور :وزیر اعظم عمران خان نے کراچی والوں کیلئے اچھی خبر سناتے ہوئے کہا کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، کراچی کی ترقی کا مطلب لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے،اب ہم کراچی میں آنے والے دنوں میں بڑے کام کرنے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کیلئے وزیراعظم عمران خان کو آج کراچی آنا تھا تاہم خراب موسم کی وجہ سے وہ نہیں آسکے اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے منصوبوں کا افتتاح کیا۔فائیو اسٹار، کے ڈی اے چورنگی اور سخی حسن چورنگی پر بنائے جانے والے پلوں کی افتتاحی تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں ہوئی اور وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا پیغام دیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عمران اسماعیل زیادہ بہتر وہ تفصیلات بتائیں گے جو ہم آنے والے دنوں میں کراچی اور سندھ کیلئے کرنے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد زیادہ تر اختیارات صوبوں کو منتقل ہوچکے ہیں، صوبے کے ترقیاتی فنڈز سے شہروں کو ٹھیک کرنا ناممکن ہے، بڑے شہروں کی ترقی کیلئے خاص مقامی نظام ہوتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہور دیگر شہروں سے بہتر اس لیے ہوا کیوں کہ پنجاب جوکہ آدھا پاکستان ہے اس کے کل ترقیاتی فنڈز کا آدھے سے زیادہ لاہور میں لگادیا گیا اور اس سے صوبے کے دوسرے شہروں کو نقصان ہوا،انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، کراچی کی ترقی کا مطلب لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پولیس میں اصلاحات کیں، کوشش کررہے ہیں کہ پولیس کے کام میں کوئی مداخلت نہ ہو۔