ٹرین حادثے میں کسی غلطی یا غفلت کو برداشت نہیں کروں گا، وزیر ریلوے

I will not tolerate any mistake or negligence in the train accident, Railway Minister
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کراچی ایکسپریس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی کی غفلت سے یہ حادثہ پیش آیا ہوا تو میں اسے کسی صور ت برداشت نہیں کروں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا۔ یہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر کر کھائی میں گر گئیں، اس حادثے میں ایک خاتون مسافر کی ہلاکت جبکہ 40 کے قریب مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے زنجیر کھینچ کر ٹرین کو روکا۔ دور افتادہ علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیمیں بروقت موقع پر نہیں پہنچ سکیں جس کی وجہ سے مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کی مدد کی۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مسافروں کو ریسکیو کرنے جبکہ ٹریک کو بحال کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اعظم سواتی کا حادثے کے حوالے سے میڈیا کو بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اگر کسی کی غلطی ثابت ہو گئی تو میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ واقعے میں غلطی کے مرتکب کو سخت سزا دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ چند میں مل جائے گی۔ اگر ثابت ہوا کہ یہ ڈرائیور کی غلطی تھی تو اسے کڑی سزا ملے گی۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ کراچی ایکسپرس کو پیش آنے والا حادثہ انتہائی خطرناک تھا، لیکن اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، اس حادثے میں ایک خاتون مسافر جاں بحق ہوئیں، میں ان کی تعزیت کرنے ان کے اہلخانہ کے پاس خود جاؤں گا۔

وفاقی وزیر نے قومی ادارے کی کارکردگی بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ریلوے کو جلد از جلد اپ گریڈ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔