اصغر خان کیس،سابق آرمی چیف جنر(ر)مرزاا سلم بیگ سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے

اصغر خان کیس،سابق آرمی چیف جنر(ر)مرزاا سلم بیگ سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے
کیپشن: جنرل صاحب کسی صورت میں کیس کی سماعت ملتوی نہیں کی جائے گی،ریمارکس چیف جسٹس۔۔۔تصویر بشکریہ اے پی

اسلام آباد:سابق ایئر مارشل (ر)اصغر خان کیس کے سلسلہ میں سابق آرمی چیف جنرل(ر)مرزا سلم بیگ عدالت میں پیش ہوگئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے اصغر خان کیس نظرثانی درخواستوں پر سماعت کی اور اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جنرل (ر)اسلم بیگ کہاں ہیں، وہ تشریف لائے ہیں؟جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ وہ کمرہ عدالت میں تشریف رکھتے ہیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے سابق آرمی چیف سے کہا کہ جنرل صاحب روسٹرم پر آجائیں، جس کے بعد جنرل (ر) اسلم بیگ روسٹرم پر آئے اور کہا کہ مجھے صرف ایک روز قبل کیس مقرر ہونے کا بتایا گیا ہے، میں کیس کی تیاری نہیں کرسکا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جنرل صاحب کسی صورت میں کیس کی سماعت ملتوی نہیں کی جائے گی، اگر آپ کے وکیل نہیں ہیں تو دلائل خود شروع کردیں۔کیس کی سماعت کے دوران آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کے وکیل نے کہا کہ مناسب ہوگا اس کیس کو اڑھائی بجے سن لیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے وکیل سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی اسی کیس میں آئے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ جی، میں اصغر خان کی جانب سے پیش ہوتا رہا ہوں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ ہمیں اس کیس کا خلاصہ دے دیں۔