نیب نے آصف زرداری کو 9 مئی کو طلب کر لیا

نیب نے آصف زرداری کو 9 مئی کو طلب کر لیا
کیپشن: آصف زرداری کو ہریش اینڈ کمپنی کیس میں بلایا گیا ہے۔۔۔۔۔فوٹو/ زرداری آفیشل فیس بُک اکاؤنٹ

اسلام آباد: نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور ریفرنس تیار کیا ہے جس میں سابق صدر آصف زرداری کو پوچھ گچھ کے لیے 9 مئی بروز جمعرات کو طلب کیا گیا ہے۔

آصف زرداری کو ہریش اینڈ کمپنی کیس میں بلایا گیا ہے جس کے لیے انہیں جے آئی ٹی کی جانب سے طلبی کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہریش اینڈ کمپنی نے سندھ اسپیشل انیشی ایٹو سے واٹر سپلائی کا ٹھیکہ لیا تھا لیکن اس منصوبے پر کوئی کام نہیں ہوا بلکہ کمپنی کے اکاؤنٹ سے نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات چلائے جاتے رہے۔

نیب حکام کے مطابق ہریش اینڈ کمپنی پارک لین کمپنی کی فرنٹ کمپنی تھی اور اس کیس میں قومی خزانے کو 60 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق سیکریٹری اسپیشل انیشی ایٹو اعجاز احمد خان اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔

آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں کئی بار نیب کے سامنے پیش ہو چکے ہیں جب کہ دونوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانتیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔