سندھ میں آج کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہوئے، وزیر اعلیٰ سندھ

سندھ میں آج کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہوئے، وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں آج کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہوئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ سندھ میں آج کورونا کے 453 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں اموات کی تعداد 171 ہو گئی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اب تک کورونا کے 76 ہزار 78 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ صوبے میں کیسز کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 14 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ضلع وسطی کراچی میں 91، جنوبی ایک اور شرقی میں 69 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملیر اور کورنگی میں 33 اور ضلع غربی میں 28 مزید کورنا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں 35، خیرپور میں 16 اور سکھر میں 12 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ حیدرآباد میں 9، کشمور میں 8 اور سانگھڑ میں 3 مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 564 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 24 ہزار 73 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,523 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 38 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 464 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 163 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10 ہزار 196  ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 2 لاکھ 44 ہزار 778  ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔