احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

 احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا
کیپشن: احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں شامل کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب کیسز کے باعث کابینہ نے احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ لیگی رہنما احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کے نیب کیس کی سماعت جاری ہے اور اس سلسلے میں انہیں نیب میں کئی بار طلب بھی کیا جاچکا ہے۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

گذشتہ رات وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعہ احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔ وزارت داخلہ کو نیب نے احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی تھی۔

نیب کا موقف تھا کہ احسن اقبال کے خلاف نارروال اسپورٹس سٹی میں کرپشن کا کیس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔اہم کیس کی سماعت کے دوران احسن اقبال کے ملک سے باہر جانے کی صورت میں کیس کی سماعت متاثر ہو سکتی ہے۔ ای سی ایل کمیٹی نے احسن اقبال کا نام فہرست میں شامل کرنے کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ 28 اپریل کو قومی احتساب بیورو (نیب)نے سابق وزیر داخلہ و مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ اس حوالے سے نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا تھا۔ خط میں احسن اقبال کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ احسن اقبال نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ان کا پاسپورٹ تو اپنی تحویل میں لے رکھا ہے ، پھر باہر کیسے جانا ؟ نالائقو میرا پاسپورٹ کہیں گم تو نہیں کر دیا۔