آرمی چیف کی محمد بن سلمان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

 آرمی چیف کی محمد بن سلمان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکورٹی، افغان امن عمل اور اس پر ہونے والی تازہ پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد، اول نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے پر عزم ہے، پاکستان مقامات مقدسہ کے دفاع کو یقینی بنائے گا۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کا خطے میں امن استحکام کیلئے کردار قابل تعریف ہے، دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ دونوں ممالک امن و استحکام اور مسلم امہ کی بہتری کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات انتہائی شاندار رہی، جنرل قمر جاوید باجوہ میرے بھائی ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دِفاعی تعلقات کے علاوہ خطے کے امن اور استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔ اس سے قبل آرمی چیف کی سعودی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی،افغان امن عمل،دفاعی سیکیورٹی، فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید فروغ دینےکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی عرب تعاون کےخطے میں امن،سیکیورٹی پر مثبت اثرات ہیں۔

سعودی مسلح افواج کےسربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی نے آرمی چیف کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب امن کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا۔