عالمی ادارہ صحت نے چینی ویکسین سائنو فارم کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی

عالمی ادارہ صحت نے چینی ویکسین سائنو فارم کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا سے بچاؤ کی چینی ویکسین سائنوفارم کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی ہے۔ 
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سائنو فارم پہلی چینی ویکسین ہے جس کے باقاعدہ استعمال کی اجازت عالمی ادارہ صحت نے دی ہے اور یہ ویکسین پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی شہریوں کو لگائی جارہی ہے، اس سے قبل ڈبلیو ایچ او فائزر، ایسٹرازینکا اور دیگر ویکسینز کے استعمال کی بھی اجازت دی چکی ہے۔ 
عالمی ادارہ صحت کی اجازت کے بعد سائنو فارم کو کوویکس میں بھی شامل کرلیا گیا ہے جس کے بعد دنیا بھر میں دیگر کیساتھ ساتھ یہ ویکسین بھی کوویکس پروگرام کے تحت غریب ممالک کو فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب برطانیہ میں کورونا کی ویکسین ایسٹرازینکا کا استعمال محدود ہونے کا امکان ہے اور 40 سال سے کم عمر افراد کیلئے متبادل ویکسین دینے کی تجویز کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ 
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت کا مشاورتی ادارہ حکومت کویہ تجویزدینے کی تیاری کررہا ہے کہ 40 سال سے کم عمر افراد کو ایسٹرازینکا کی متبادل ویکسین دی جائے، کورونا ویکسی نیشن اور حفاظتی ٹیکوں سے متعلق مشترکہ کمیٹی اس حوالے سے اعلان کرے گی۔
اس سے قبل خون میں پھٹکیاں بننے کے کیسز سامنے آنے پر ڈنمارک نے ایسٹرازینکا ویکسین کے استعمال پر مکمل پابندی لگائی تھی جبکہ دیگر یورپی ملکوں میں ویکسین کا استعمال محدود کیا گیا تھا۔
برطانوی حکومت کے ڈیٹا کے مطابق برطانیہ میں جن افراد نے ایسٹرازینکا کی پہلی ڈوز لگوائی ان میں اب تک خون میں پھٹکیاں بننے کے 242 کیس کی تصدیق ہوئی جس میں سے 49 افراد کی اموات ہوچکی ہیں جبکہ دو تہائی متاثرہ افراد 60 سال سے کم عمر تھے۔