خیبرپختونخواہ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد تک جا پہنچی

خیبرپختونخواہ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد تک جا پہنچی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد تک جا پہنچی ہے جبکہ پشاور میں بھی یہ شرح 15 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبے کے ہسپتالوں میں تقریبا 1600 کورونا مریض زیر علاج ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 40 کورونا مریضوں کا انتقال ہوا۔ صوابی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد تک جا پہنچی ہے جبکہ پشاور میں یہ شرح 15 فیصد، مردان میں 16 جبکہ صوبے میں مجموعی شرح 10 فیصد رہی ہے۔ 
صوبہ بلوچستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے نیچے آ گئی جبکہ 3 دن پہلے یہ شرح 18 فیصد تھی اور اس وقت صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 1,400 سے زائد ہے۔
دوسری جانب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اسلام آباد میں آج سے مکمل لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں ہفتہ 8 مئی سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ 
عید الفطر کے موقع پر بھی مکمل لاک ڈاؤن رہے گا اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شہروں میں تفریحی مقامات بند کرنے کیساتھ ساتھ شہر سے باہر تفریح کیلئے جانے پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔