وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی برطرف وزیر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ تقریب میں شرکت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی برطرف وزیر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ تقریب میں شرکت

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے قانوں کی دھجیاں بکھیر دیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مانسہرہ کے جس وزیر کو بدعنوانی کے الزامات میں برطرف کیا تھا، تین سال بعد قومی وطن پارٹی کے اسی رکن کے بیٹے کے ولیمے میں سرکاری ہیلی کاپٹر اور پروٹوکول کے ساتھ مانسہرہ پہنچ گئے۔

پرویز خٹک کے ہاتھوں ہی تین سال قبل وزارت جنگلات سے برطرف ہونے والے قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے حاجی ابرار حسین نے اپنے بچوں سمیت ہیلی پیڈ پر وزیر اعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔

ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد درجنوں گاڑیوں کے سرکاری پروٹوکول میں پرویز خٹک مقامی ہوٹل میں دعوت ولیمہ میں پہنچے۔بظاہر قومی وطن پارٹی سے ناراض پی ٹی آئی کی تمام صوبائی قیادت اور اعظم سواتی بھی وہاں موجود تھے جبکہ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاواور دیگر کی کمی شدت سے محسوس کی گئی۔

پرویز خٹک کے مشیر زرگل خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ابرار حسین اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پہ لڑیں گے۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سرکاری طور پر ابرار حسین پہ لگائے جانے والے الزامات کی کبھی تردید نہیں کی ہے۔