شمالی کوریا کے میزائل تباہ کرنے کیلئے جاپان امریکہ سے ہتھیار خریدے، ٹرمپ

شمالی کوریا کے میزائل تباہ کرنے کیلئے جاپان امریکہ سے ہتھیار خریدے، ٹرمپ

ہمارا اسلھہ خریدو اور دوسرے ملک کو تباہ کر دو،ٹوکیو:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر جاپان امریکی ہتھیار خریدے تو شمالی کوریا کے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر سکے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ اپنے دورہ جاپان کے دوران جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے جاپان پر زور دیا کہ وہ مزید امریکی ہتھیار خریدے اور امریکہ کے ساتھ تجارتی توازن درست کرنے کیلئے امریکہ سے درآمدات میں اضافہ کرے ۔انہوں نے نیوز کانفرنس کے دوران جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ شمالی کوریا کے میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیں گے بشرطیکہ وہ مزید امریکی ہتھیار خریدیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جاپانی وزیر اعظم بڑی مقدار میں امریکی ہتھیار خریدیں گے اور ا±نہیں ایسا ہی کرنا چاہئیے کیونکہ امریکہ دنیا بھر میں بہترین ہتھیار بناتا ہے۔جاپانی وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو جاپان شمالی کوریا کے میزائل تباہ کر دے گا۔جاپان کی پالیسی کے مطابق وہ کسی میزائل کو اسی وقت تباہ کرے گا جب وہ اس کی سرزمین پر گرایا جا رہا ہو یا پھر جاپان اور امریکی اہداف پر حملے کا حقیقی خطرہ موجود ہو۔

امریکی صدر اپنے ایشیائی ممالک کے 12 روزہ دورے کے دوسرے دن اس وقت جاپان میں ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری میزائل پروگرام سے درپیش خطرے کے حوالے سے حمایت حاصل کرنا اور ان ممالک کے ساتھ امریکی تجارت کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ آزادانہ ، منصفانہ اور دو طرفہ بنیادوں پر تجارت کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور اس معاملے پر جاپان سے بات چیت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی برآمدات کیلئے جاپانی منڈی میں رسائی بڑھانا چاہتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک عرصے سے جاری تجارتی توازن درست ہو جو یکطرفہ طور پر جاپان کے حق میں ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہر سال لاکھوں جاپانی کاریں امریکہ درآمد ہوتی ہیں لیکن امریکی گاڑیوں کی جاپانی منڈی میں رسائی نہیں ہے۔