سموگ کے باعث لاہور کے تمام سکولوں میں چھٹی

سموگ کے باعث لاہور کے تمام سکولوں میں چھٹی

لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں شدید سموگ کے باعث آج تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے ،وزیر تعلیم پنجاب مرادراس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ سموگ کے باعث آج لاہور کے تمام سرکاری اور نجی سکول بند رہیں گے ۔


جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات گئے اور کل دن میں بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں جوہرٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور واپڈاٹاؤن کے گردو نواح میں شدید سموگ چھائی ہوئی ہے۔اس کے علاوہ گلبرگ، گرین ٹاؤن، مال روڈ اورجیل روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، کینال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سموگ کا راج ہے، سموگ کے باعث شہریوں کی آنکھوں میں جلن اور گلے میں خراش کی شکایات عام ہوگئیں۔

اس حوالے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث حدنگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی، شہرمیں رات گئے اور کل دن میں بارش کا امکان ہے، لاہور میں بارش کے باعث سموگ میں کمی واقع ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت سے آنے والے دھوئیں کے بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، شہر میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 455 تک پہنچ گیا، شہر میں شام سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، سموگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور اور گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے سموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں، سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔