نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کر دیا

نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کر دیا
کیپشن: کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کے لیے بے تاب ہیں، نوجوت سنگھ سدھو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے 9 نومبر کو کرتار پور میں گور دوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کر دیا۔نوجوت سنگھ سدھو نے سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دربار صاحب کے افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے بے قرار ہوں اور دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کے لیے بے تاب ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ وہ حکومت پاکستان خصوصاً وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں۔ بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن پر دربار صاحب کا افتتاح تاریخی موقع ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم 9 نومبر کو اس تاریخی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خاص شریک ہوں گے۔

فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سمیت پوری دنیا بھر کے سکھوں کو دربار صاحب کے افتتاح کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سدھو سمیت تمام سکھ یاتریوں کے خیر مقدم اور میزبانی کے لیے تیار ہیں۔