امریکی حکومت نے سعودی عرب کو دفاعی میزائل نظام فروخت کرنیکی منظوری دیدی

امریکی حکومت نے سعودی عرب کو دفاعی میزائل نظام فروخت کرنیکی منظوری دیدی

واشنگٹن: امریکی حکومت نے سعودی عرب کو 15 ارب ڈالر کا جدید تھاڈ دفاعی میزائل نظام فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ 15 ارب ڈالر کے معاہدے نے امریکہ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کو مزید تقویت دی ہے۔ امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس سے سعودی عرب اور خلیج کی سکیورٹی کو ایران اور دیگر علاقائی خطرات کے خلاف بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ کو اربوں ڈالر مالیت کے اس سودے کی مدد سے ملک میں موجودہ نوکریوں کو بچانے اور روزگار کے نئے مواقعے پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکہ کا یہ اعلان سعودی عرب کے روس سے ایئر ڈیفینس سسٹم خریدنے کے اعلان سے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ پینٹاگون کی دفاعی سکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ کیے جانے والے اس معاہدے سے خطے کا فوجی توازن تبدیل نہیں ہو گا۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا کے خلاف ممکنہ میزائل حملے کے خلاف جنوبی کوریا میں جدید تھاڈ میزائل دفاعی نظام نصب کیا جا رہا ہے۔ جنوبی کوریا میں اس کی مخالفت کرنے والے سمجھتے ہیں کہ اس سے فوجی تنصیبات کے قریب رہنے والے نشانہ بن سکتے ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ ادھر چین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تھاڈ نظام کی تنصیب خطے میں سکیورٹی کو غیر مستحکم کرے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں