گہرے زخموں کو بھرنے والی گوند ایک منٹ میں زخم بند کر دے گی

گہرے زخموں کو بھرنے والی گوند ایک منٹ میں زخم بند کر دے گی

بوسٹن:زخمی ہونے کی صورت میں سب سے پہلے کیا کرنا ہے، حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں زخموں کو فوری طور پر بند کرکے خون کا زیاں روکنا سب سے اہم ہوتا ہے۔ اب ماہرین نے گوند بھرا ایک انجکشن بنایا ہے جو صرف ایک منٹ میں گہرے زخم روک سکتا ہے خواہ وہ بیرونی جلد پر ہوں یا پھیپھڑے کی گہرائی میں موجود ہوں۔

حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں پھیپھڑوں کا زخم بھرنے کےلیے آپریشن کرکے ٹانکے لگائے جاتے ہیں جس میں بہت وقت لگتا ہے۔ اس دوران مریض سانس کی تنگی سے زندگی کی بازی ہار سکتا ہے لیکن اب ایک خاص گوند سے فوری طور پر پھیپھڑوں کے گہرے زخموں کو بند کرنا ممکن ہوگیا ہے۔

جراحی والی اس گوند کو ”میٹرو“ کا نام دیا گیا ہے جو بہت جلد ٹانکوں اور اسٹیپل کی جگہ لے کر زخموں کو بند کرسکے گی۔ اپنا کام کرنے کے بعد اس کا بچا ہوا حصہ ازخود تحلیل ہو کر ختم ہوجاتا ہے۔

امریکہ میں نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے نسیم انابی نے یونیورسٹی آف سڈنی کے تعاون سے یہ انقلابی ایجاد کی ہے۔ یہ جیلی کی طرح ایک گوند ہے جسے زخم پر لگا کر جب الٹراوائلٹ شعاعیں ڈالی جائیں تو یہ فوراً خشک ہوکر زخم بند کردیتی ہے۔ اسے قدرتی لچک دار پروٹین سے بنایا گیا ہے جو روشنی سے حساس ہوکر سخت ہوجاتا ہے اور زخم بند کردیتا ہے۔

اس گوند میں ازخود ختم ہونے والے اینزائم بھی شامل ہیں جو اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ زخم پر گوند کتنی مدت تک رہے گی یعنی چند گھنٹوں سے چند ماہ تک کا دورانیہ ہوسکتا ہے جس کا انحصار خود زخم پر ہوتا ہے۔

یہ گوند اتنی لچک دار ہے کہ عین زخم کے مقام کےلحاظ سے سکڑتی پھیلتی رہتی ہے۔ اس طرح پھیپھڑے اور دل کے زخموں پر اسے آسانی سے چپکایا جاسکتا ہے کیونکہ دونوں اعضا تیزی سے سکڑتے اور پھیلتے رہتے ہیں۔