انصاف اس وقت ہوگا جب ملک میں جمہوریت ہوگی:شاہد خاقان عباسی

انصاف اس وقت ہوگا جب ملک میں جمہوریت ہوگی:شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کی ترقی کی علامت ہے اور انصاف اس وقت ہوگا جب ملک میں جمہوریت ہوگی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتے کو نوشہرو فیروز میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا افغانستان میں جس دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکی۔ پاکستان نے اس دہشت گردی کو شکست دی۔ (ن) لیگ نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام کرکے دکھایا۔ موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبے لگائے۔سی پیک شروع کیا جس سے پاکستان مضبوط اور ترقی یافتہ بنے گا۔ صوبوں کے وسائل بڑھائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف واحد لیڈر ہیں جو ملک کو متحد رکھے ہوئے ہیں۔ نواز شریف ملک کی ترقی اور اسے آگے بڑھانے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس میثاق جمہوریت پر بے نظیر اور نوازشریف نے دستخط کئے۔ اس کی بنیاد انتقامی سیاست کو ختم کرنا تھا۔ ہمیں میثاق جمہوریت کےمطابق سیاست کو آگے لے کر جانا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ صرف کھوکھلے نعروں سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ وزیراعظم نے نوشہروفیروز میں بجلی اور گیس کیلئے ڈیڑھ ارب روپے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ایک ارب روپے اوروزیراعظم ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اعلان کیا۔