میڈیکل انٹری ٹیسٹ 29 اکتوبر کو ہو گا، پہلے ٹیسٹ دینے والے امیدوار ہی بیٹھ سکیں گے

میڈیکل انٹری ٹیسٹ 29 اکتوبر کو ہو گا، پہلے ٹیسٹ دینے والے امیدوار ہی بیٹھ سکیں گے

لاہور:  پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اب 29اکتوبر بروز اتوار ہوگا۔


ہفتہ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ تمام امیدوار جو 20اگست کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرچکے ہیں وہ اپنے پرانے رول نمبرز کے ساتھ انہی سنٹرز سے ٹیسٹ میں بیٹھ سکیں گے۔جہاں انھوں نے پہلے ٹیسٹ دیا تھا۔ اس ٹیسٹ کیلئے کوئی نئی رجسٹریشن یا فیس جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔

ہفتہ کے روز یو ایچ ایس کے نئے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود نے یونیورسٹی کی فیکلٹی اور سٹاف سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ چند افراد کی وجہ سے یونیورسٹی کی عزت و ناموس پر جوداغ لگا ہے اسے صاف کریں گے اور ادارے کا وقار بحال کریں گے۔ انھوں نے تمام سٹاف سے پوری لگن اور محنت کے ساتھ کام کرنے کی درخواست کی۔ مزید برآں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

یونیورسٹی کی ڈپٹی کنٹرولر صائمہ تبسم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ جازب حسین بھٹی کو تفتیش کے عمل میں شامل ہونے کے باعث رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔یونیورسٹی میں حفاظتی انتظامات کو سخت کر دیا  گیا ہے۔ تمام وائی فائی نیٹ ورک بند کردیا گیا ہے جبکہ نئے سیکورٹی کیمرے بھی لگادیے گئے ہیں۔ انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے نئے SOPs بھی لاگو   کر دیےگئے ہیں۔

اس موقع پر پروفیسر فیصل مسعودنے میڈیا سے بھی درخواست کی وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ایک واقعہ کی وجہ سے پورے ادارے اور اس کے تمام سٹاف کو بدنام نہ کیا جائے۔

نیوویب ڈیسک< News Source