ایف اے ٹی ایف اور پاکستان کے حتمی مذاکرات آج سے شروع

ایف اے ٹی ایف اور پاکستان کے حتمی مذاکرات آج سے شروع
کیپشن: Image by CSS Times

اسلام آباد:ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک اور پاکستان کے درمیان حتمی مذاکرات آج سے شروع ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا ایشیاپیسفک اعلیٰ سطح کا وفد 7 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک پاکستان کے اہم دورہ پر ہے۔اس دوران ایف اے ٹی ایف کا وفد وزارت خزانہ، وزارت داخلہ، اسٹیٹ بینک، ایف ایم یو کے حکام سے ملاقات کرے گا ساتھ ہی ایس ای سی پی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام سے بھی ملاقات کرے گا۔

ملاقات کے دوران انسداد منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے انتظامی و قانونی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا جس کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کے سربراہ اجلاس میں غور کے لیے پیش کی جائےگی۔


خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایشیاءپیسفک گروپ کے چند حکام نے پاکستان کا دورہ کرکے فائنل مذاکرات کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی تھی جس کے بعد ایف اے ٹی ایف کی سفارشات کی روشنی میں حکومت نے اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔


حکومت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر ریگولیشنز 2018 میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے جب کہ اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق ریگولیشنز ترامیم بھی کی گئیں ہیں۔


حکومت کی جانب سے منی ٹریل کی نشاندہی کے لیے مختلف تجاویز کی بھی منظوری دی گئی ہے اور مبینہ مشکوک مالی سرگرمیوں میں ملوث الرحمن ٹرسٹ نامی تنظیم بھی کالعدم قرار دیا ہے۔