بچوں میں غذائی قلت اور سٹنٹنگ کو قابو کرنے کیلئےصوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر کام کرینگے: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

بچوں میں غذائی قلت اور سٹنٹنگ کو قابو کرنے کیلئےصوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر کام کرینگے: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ بچوں میں سٹنٹنگ ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔ وفاقی حکومت بچوں میں غذائی قلت اور سٹنٹنگ کو قابو کرنے کیلئے صوبائی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

ریڈیو پاکستان کرنٹ افیئرز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بچوں میں اسٹنٹنگ اور غذائی قلت ایک بڑا مسئلہ ہے، وفاقی حکومت نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے صوبائی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ سہولت کاری کا کردار ادا کرے گی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان نیشنل نیوٹریشن کوآرڈینیشن کونسل (پی این این سی سی) کے پہلے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کابینہ کے 8 وزرا نے کونسل ممبرز کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویڑن اور اہم مقصد ملک کے عام شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہے اور وہ ترجیحی بنیادوں پر اس سلسلے میں اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی شراکت داروں کے فعال کردار اور تعاون سے نیوٹریشن اینڈ سٹنٹنگ کے مسئلے پر مثبت تبدیلی لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے غذائی قلت کے ایشو کو حل کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس حوالے سے لوگوں کو آگاہی بھی فراہم کی جائے۔