بھارت دہشتگردی کا الزام لگا کر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا، منیر اکرم

بھارت دہشتگردی کا الزام لگا کر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا، منیر اکرم

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے 70 سال سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق غضب کیے، وہ دہشتگردی کا الزام لگا کر کشمیریوں کے جائز جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس کے موقع پر ” ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اقدامات “ کے زیر عنوان سکستھ کمیٹی ایجنڈا آئٹم 114 میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے سرحد پار سے دہشتگردی کا نشانہ بن رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 120 ارب ڈالر سے زیادہ نقصان ہوا۔ پاکستان کی حدود میں دہشتگردی کے خلاف بے مثال کامیابی حاصل کی۔

منیر اکرم نے کہا کہ امریکی طالبان معاہدہ اور انٹرا افغان مذاکرات سے سیاسی حل کی امید ہے، افغانستان میں امن خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سازگار ہے،عالمی برادری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قانونی، انتظامی اور حفاظی اقدامات کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزار جانوں کی قربانی دی۔ دہشت گردی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد میں فرق کرنا ہوگا۔ دہشتگردی نئی اور تبدیل شدہ شکلوں میں ظاہر ہو رہی ہے۔ دہشت گردی کی نئی شکلوں پر موثر انداز میں توجہ نہیں دی جا رہی۔ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل اور ہر طریقے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔