پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد: پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے عہدے کا چارج سبنھال لیا ہے۔ کمانڈ تبدیلی کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے حوالے کی۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اپنے شاندار کیرئیر کے دوران پاک بحریہ کے مختلف عہدوں پرخدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 1985ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کمیشننگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔ وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

وہ چیف آف دی نیول سٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیو ایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلیجنس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انھیں غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے جبکہ حکومت فرانس کی جانب سے شیویلے (ناٹ) میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے دفاع کیلئے ایڈمرل ظفر محمود کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاک بحریہ کو جدید بنانے اور سمندری سرحدوں کے تحفظ کیلئے ایڈمرل ظفر محمود کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے پاک بحریہ کے سربراہ کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا تھا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جبکہ امجد خان نیازی کو تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ 3 سال کے دوران خطے میں بہت سے چیلنجز دیکھے۔ ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر خصوصی توجہ دی۔ پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن چکی ہے۔ چار چینی فریگیٹ آئندہ 2 سال میں پاک بحریہ کا حصہ ہوں گے۔ پی این ایس ہیبت کی کمیشننگ رواں برس کے آخر تک ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرین ٹریننگ سینٹر کو کراچی سے گوادر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گوادر میں نیول بیس قائم کی جا رہی ہے۔ نئے جہاز فریگیٹ، گن بوٹس سمیت جدید آلات کو پاک بحریہ میں شامل کیا۔ پاک بحریہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک بحریہ نے 2018 میں مختلف پیشہ ورانہ مشقوں میں حصہ لیا۔ ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاک بحریہ کی کمانڈ امجد خان نیازی کے سپرد کر رہا ہوں۔