وزیر خارجہ کا ترک ہم منصب سے رابطہ، کشمیر بارے دو ٹوک موقف پر شکریہ ادا کیا

وزیر خارجہ کا ترک ہم منصب سے رابطہ، کشمیر بارے دو ٹوک موقف پر شکریہ ادا کیا

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کشمیر کے تنازعہ پر مستقل اور دو ٹوک موقف پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ وہ افغان امن عمل سمیت علاقائی امن وسلامتی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پچھترویں اجلاس میں مظلوم کشمیری عوام کی آواز بلند کی جس سے کشمیری عوام کو حوصلہ اور اعتماد ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ دونوں ملک علاقائی اورعالمی امورپر یکساں خیالات رکھتے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے افغانستان میں امن کے لئے کوششوں سمیت علاقائی امن کے لئے اقدامات کو سراہا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بین الافغان مذاکرات کی کامیابی افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران افغان امن عمل سمیت خطہ میں امن و استحکام کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سفیر محمد صادق نے افغان امن عمل کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔ سفیر محمد صادق نے دوحہ میں جاری بین الافغان مذاکرات کی موجودہ صورتحال سے بھی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں مستقل اور دیرپا قیام امن کیلئے بین الافغان مذاکرات کی کامیابی اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن و استحکام کا دارومدار افغان مسئلہ کے پر امن حل کے ساتھ منسلک ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خطہ میں امن و استحکام کیلئے اپنی پر خلوص مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔

دوران ملاقات افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال۔ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے افغان امن عمل کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔ ایمبیسڈر محمد صادق نے دوحہ میں جاری بین الافغان مذاکرات کی موجودہ صورتحال سے بھی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔