احتجاجی سیاست کرنے والوں کے پیچھے ذاتی مفاد ہے، شبلی فراز

احتجاجی سیاست کرنے والوں کے پیچھے ذاتی مفاد ہے، شبلی فراز
کیپشن: اپوزیشن والوں کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا، شبلی فراز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف ایف آئی آر سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں کیونکہ اس ملک میں کوئی بھی جا کر ایف آئی آر درج کرا سکتا اب احتجاجی سیاست کرنے والوں کے پیچھے ذاتی مفاد ہے کیونکہ یہ چاہتے ہیں کرپشن بچانے کیلئے ادارے ان کے سہولت کار بنیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اداروں کے خلاف مذموم مہم کو برداشت نہیں کریں گے جبکہ جلسے اور جلوسوں کا بنیادی مقصد کیا ہے سب جانتے ہیں۔ عوام نے پی ٹی آئی کو احتساب اور کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا اپوزیشن والوں کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا کیونکہ اپوزیشن کی کرپشن کی ایک لمبی داستان ہے اور مسلم لیگ ن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے جبکہ اپوزیشن میں بیٹھے لوگوں کے اپنے مفادات ہیں۔ اپوزیشن کی کوئی تحریک نہیں اور کرپشن کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کراچی اور سندھ اتنی ہی اہمیت رکھتے ہیں جتنی سارا پاکستان اور تمام علاقوں کی یکساں ترقی حکومت کی ترجیح ہے اور کراچی کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت نے پیکج کا اعلان کیا کیونکہ کراچی والوں نے پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں۔ کیا 2 سال میں تحریک انصاف نے سب کچھ تباہ کر دیا۔ بجلی و گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا وزیراعظم عمران خان نے 22 سال سیاسی جدوجہد کی اور پی ٹی آئی کی کامیابی میں کارکنوں نے اہم کردار ادا کیا اور عمران خان نے ثابت قدمی سے اپنا سفر طے کیا اور وزیراعظم نے کہا ہر کام سیاست کیلئے نہیں کرنا چاہیے۔

میڈیا کے بقایا جات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بقایا جات کی مد میں ادائیگیاں جلد سے جلد یقینی بنائی گئیں اور ورکرز کو تنخواہوں کی فراہمی سے بقایا جات کی ادائیگی کو منسلک کیا گیا کیونکہ عمران خان کے سفر کی کامیابی میں میڈیا کا بھی اہم کردار ہے۔

شبلی فراز نے کہا صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ منصوبے میں لیز کے مسائل حل کیے جائیں گے اور کراچی میں صحافیوں کیلئے نیشنل ہیلتھ اسکیم زیر غور ہے۔