ہماری جنگ پائیدار امن اور استحکام کے آنے تک جاری رہے گی، آرمی چیف

ہماری جنگ پائیدار امن اور استحکام کے آنے تک جاری رہے گی، آرمی چیف
کیپشن: ہمارے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آرمی چیف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ پائیدار امن اور استحکام کے آنے تک جاری رہے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات کرنل مجیب الرحمان شہید کے گھر آمد کے موقع پر ان کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اور اس موقع پر آرمی چیف کے ساتھ ان کی اہلیہ بھی تھیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرنل مجیب الرحمان شہید کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی جبکہ ہمارے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دیرپا امن واستحکام کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔ کرنل مجیب الرحمان ٹانک میں دوران آپریشن شہید ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکردو اور گلگت کا دورہ کیا تھا۔ سکردو پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف کو کنٹرول لائن پر تعینات افسروں اور جوانوں کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ گلگت کے دورے کے دوران آرمی چیف نے جدید ترین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پارک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جدید ریسرچ کے لیے معاون اور علاقہ میں سائبر انڈسٹری کی ترقی کے حوالے سے پراجیکٹ اہم کردار ادا کرے گا۔ سافٹ ویئر پارک دفاعی کمیونیکیشن کے شعبہ میں نوجوانوں کی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خراب موسمی حالات کے باجود افسروں اور جوانوں کے بلند جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دور دراز کے علاقوں میں سافٹ ویئر پارک ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک حوصلہ مند قدم ہے۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہترین تیاری ضروری ہے۔