عمران خان کے ارادوں کا پتہ ہے، لانگ مارچ کو روکنے کیلئے پوری طاقت استعمال کریں گے: وزیر داخلہ

عمران خان کے ارادوں کا پتہ ہے، لانگ مارچ کو روکنے کیلئے پوری طاقت استعمال کریں گے: وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ارادوں کا پتہ ہے اس لئے لانگ مارچ کو کسی صورت بھی اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے اور اسے پوری طاقت سے روکیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے جو قوم کو نقصان پہنچا رہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اللہ کا اس ملک پر کرم ہے کہ یہ فتنہ ایکسپوز ہو رہا ہے اور یہ قوم کا بھی فرض ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اس رہنمائی سے فائدہ اٹھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں سے حقیقی آزادی کیلئے حلف لے رہا ہے، اسے معلوم ہی نہیں ہے کہ حقیقی آزادی ہے کیا، حقیقی آزادی جو لیٹر سے گم ہو گئی ہے اسے دلانے کیلئے حلف لے رہا ہے، آج اس فتنے کا ادراک ہو جانا چاہیے کیونکہ اللہ کی ذات اس فتنے کو ایکسپوز کر رہی ہے۔ 
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہر چیز سامنے آ رہی ہے، اتنا جھوٹا انسان، اتنا بڑا فراڈ، سائفر کے معاملے میں کس طرح سے عمران خان نے جھوٹا لیٹر لہرایا اب یہ ایکسپوز ہوا ہے کہ وہ سب فراڈ تھا، یہ قوم کے ساتھ کھیل کھیل رہا تھا، عمران خان کہتا تھا کہ یہ حکومت باہر سے مسلط کی گئی ہے، میں میڈیا سے گزارش کروں گا کہ اس فتنے کو ایکسپوز کیا جائے۔ 
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ فتنہ خان کہہ رہا تھا کہ آپ کو غلط فہمی ہو گئی ہے کہ نمبر گیم پوری ہو گئی ہے، عمران خان آڈیو میں کہتے ہوئے سنائی دے رہا ہے کہ میں کھیل کھیل رہا ہوں، اس نے جو کھیل کھیلا ہے اس کے بعد کوئی غیرملکی وفد آپ کے ساتھ اعتماد سے بات کر سکے گا؟ ایک جھوٹا بیانیہ گھڑنے کیلئے اس نے قوم کے ساتھ کھیل کھیلا اور پاکستان کو اتنا بڑا نقصان پہنچایا جو دہائیوں تک جھیلنا پڑے گا۔ 
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اب اللہ کی ذات اسے ایکسپوز کر رہی ہے، یہ ہر حربے سے اقتدار تک پہنچنا چاہتا ہے، اس حربے کو ناکام بنانے کیلئے وزارت داخلہ نے موثر پلان بنایا ہے، آل پارٹیز اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم کی اجازت سے میں ان کے سامنے پلان رکھا ہے، اس میں بھی اس بات کی تائید کی گئی ہے کہ اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کیلئے ہر عمل اپنایا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں