پاکستانی افواج کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے:امریکی معاون وزیردفاع

پاکستانی افواج کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے:امریکی معاون وزیردفاع
کیپشن: Image by gettyimages.fr

واشنگٹن:امریکہ کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان حالات بظاہر کشیدہ نظر آتے ہیں جبکہ امریکہ کے معاون وزیر دفاع رینڈل شرائیور کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ کا دوست اور اہم شراکت دار ہے، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔


پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع و شہداءکے حوالے سے منعقد کی گئی تقریب کے دوران رینڈل شرائیور نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک امریکہ فوجی تعلقات ہمیشہ بنیادی اہمیت کے حامل رہے ہیں اور پاکستانی افواج کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔


رینڈل شرائیور کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کا دورہ پاکستان بہتر رہا اور دونوں ممالک کے درمیان بہت خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مائیک پومپیو اور ڈنفورڈ کے دورہ پاکستان کے بعد بہتر تعلقات کے لیے پر امید ہیں۔