احتساب عدالت کا یوسف رضا گیلانی کو 26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم

احتساب عدالت کا یوسف رضا گیلانی کو 26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم
کیپشن: احتساب عدالت نے دیگر 6 ملزمان کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: احتساب عدالت نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے سلسلے میں دائر کیے گئے نیب ریفرنس کے سلسلے میں سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے سمن جاری کرتے ہوئے 26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے دیگر 6 ملزمان کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔

واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے گزشتہ روز  اختیارات کے ناجائز استعمال پر یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریفرنس میں وزارت اطلاعات کے سابق ملازم فاروق، سلیم، حسن، حنیف، انعام اور ریاض کو بھی شریک ملزم بنایا گیا ہے۔

نیب اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملزمان نے یونیورسل سروسز فنڈ سے متعلق غیر قانونی تشہیری مہم چلائی اور ان کے اس اقدام سے قومی خزانے کو 128 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی 2008 سے 2013 کے دوران پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں وزیراعظم رہے تاہم وہ اپنی مدت مکمل نہ کر سکے اور سپریم کورٹ سے توہین عدالت کیس میں سزا پا کر نااہل ہوئے۔

یوسف رضا گیلانی کے خلاف ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے حوالے سے بھی کرپشن کا ریفرنس زیرِ سماعت ہے۔