بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہو گئی

بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہو گئی
کیپشن: خلائی مشن چندریان ٹو سے موصول ہونے والے سگنل چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ منقطع ہو گئے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ بی بی سی

نیو دہلی: بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہو گئی اور خلائی مشن کا رابطہ چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ پہلے منقطع ہو گیا جس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی مایوس ہو کر خلائی مرکز سے چلے گئے۔

بھارت کے خلائی مشن چندریان ٹو سے موصول ہونے والے سگنل چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ منقطع ہو گئے۔

بھارتی اسپیس ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وکرم لینڈر معمول کے مطابق مشن پر رواں دواں تھا لیکن چاند کی سطح سے 2.1 کلومیٹر کے فاصلے پر رابطہ منقطع ہو گیا اور اس سلسلے میں ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

چاند پر لینڈنگ کا منظر دیکھنے کے لیے بھارتی وزیراعظم مودی بھی اسپیس ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں تھے جب انہیں بتایا گیا کہ سگنل منقطع ہو گیا ہے تو مودی مایوس ہوکر وہاں سے چلے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت کا چاند مشن بظاہر ناکام ہو گیا ہے۔ وہ چاند کے قطب جنوبی پر لینڈنگ کرنے والا پہلا ملک بننا چاہتا تھا۔ اس سے قبل 2008 میں بھی بھارت کا چاند مشن ناکام ہو گیا تھا جب کہ امریکا، روس اور چین چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ کر چکے ہیں۔