کراچی: کم سن بچی کو زیادتی کے بعد سر پر بھاری چیز مار کر قتل کیا گیا، میڈیکل رپورٹ

کراچی: کم سن بچی کو زیادتی کے بعد سر پر بھاری چیز مار کر قتل کیا گیا، میڈیکل رپورٹ

کراچی:  میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں 5 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد سر پر بھاری چیز مارکرقتل کیاگیا۔

ذرائع کے مطابق ایم ایل او  کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق بچی کی لاش پڑے رہنے کی وجہ سے خراب ہوئی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کو تھانے بلاکر بیانات قلمبند کررہے ہیں۔دریں اثنا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5سالہ بچی سے زیادتی اور قتل انسانیت سوز واقعہ ہے۔ سندھ پولیس مجرم تک پہنچے اور اسے کیفرکردار تک پہنچائے۔چیئرمین بلاول بھٹو نے بچی سے زیادتی کی تفتیش پر سندھ پولیس کو نتائج دینے کی ہدایت کرنے ہوئے کہا کہ تفتیش کو ہنگامی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔

خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں پاکستان کے سینیٹ نے قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی زینب سے منسوب اور بچوں کے تحفظ سے متعلق ’’زینب الرٹ بل 2020‘‘ کثرت رائے سے منظور کرلیا تھا۔زینب الرٹ بل 2020ء کے تحت بچوں کے خلاف جرائم کے مرتکب ہونے والوں کو سزائے موت سے لے کر عمر قید یا پھر زیادہ سے زیادہ 14 سال اور کم سے کم سات سال قید کی سزا ہوگی۔اس سے قبل قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل 2020  کی منظوری دے دی تھی۔