خاشقجی قتل کیس کا حتمی فیصلہ، ملزمان کی سزائے موت 20 سال قید میں تبدیل

خاشقجی قتل کیس کا حتمی فیصلہ، ملزمان کی سزائے موت 20 سال قید میں تبدیل
کیپشن: آٹھوں ملزمان کو مجموعی طور پر 124 سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ریاض: سعودی عدالت نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 8 ملزمان کو قید کی سزائیں سناتے ہوئے مقدمے کو ختم کردیا۔ سعودی پراسیکیوٹر جنرل کے ترجمان کے مطابق دارالحکومت ریاض کی فوجداری عدالت کی جانب سے صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ملزمان کو سنائی گئی سزائیں حتمی ہیں۔

صحافی کے قتل کے الزام میں 5 ملزمان کو 20، 20 سال قید جب کہ دیگر تین ملزمان کو 7 سے 10 سال تک کی قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ آٹھوں ملزمان کو مجموعی طور پر 124 سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سزائیں سنائے جانے اور لواحقین کی دستبرداری کے بعد مقدمہ خارج کردیا گیا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں سعودی عدالت نے جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 5 ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی جب کہ 3 ملزمان کو جرم پر پردہ ڈالنے کا الزام ثابت ہونے پر 24 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم بعد ازاں مقتول صحافی کے لواحقین نے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد قانون کے تحت سزائیں کم کی گئی ہیں۔