افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کا جلد انعقاد ممکن نہیں، فواد چودھری  

Given the situation in Afghanistan, early elections are not possible, Fawad Chaudhry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے کیونکہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر الیکشن کا جلد انعقاد ممکن نہیں ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے یہ بات خبر رساں ادارے انڈیپینڈنٹ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں امریکی اور اتحادیوں کے انخلا، افغانستان کی صورتحال اور پاکستان کے سیاسی حالات پر کھل کر بات کی۔

فواد چودھری نے تسلیم کیا کہ پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان روابط ہیں، ان رابطوں کی وجہ سے ہی طالبان کو امریکا کیساتھ مذاکرات کی میز پر بٹھانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مسلسل اسی بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ افغانستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف سیاسی ہے، اب امریکا کے صدر جوزف بائیڈن خود اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں لیکن یہ بات سمجھنے میں 20 سال لگ گئے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چودھری نے طالبان کے بارے میں کہا کہ طالبان نے افغانستان میں کنٹرول حاصل کرنے کیلئے کوئی طاقت استعمال نہیں کی، وہاں کسی قسم کی لڑائی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔

پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے دورہ افغانستان بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایجنسیاں وہاں غیر رسمی فریم ورک بناتی ہیں جہاں ملکوں کے تعلقات باضابطہ نہیں ہوتے، اس کا مقصد مسائل کو سمجھنا ہوتا ہے، آئی ایس آئی سربراہ نے دورہ افغانستان بھی اسی فریم ورک کے تحت کیا تھا۔

فواد چودھری نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی سے قبل امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ بھی افغانستان گئے تھے جبکہ اس کے علاوہ قطر اور ترکی کی خفیہ ایجنسیوں کے بھی وہاں پر روابط ہیں۔